بیندور ،7 ؍ مارچ (ایس او نیوز) سومیشور اور ڈومبے ساحل کے درمیان سمندر میں موج مستی کرنا نوجوانوں کے ایک گروپ کو اس وقت مہنگا پڑا جب ان میں سے ایک نوجوان بے قابو لہروں کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا ۔
مہلوک نوجوان کی شناخت ششی دھر (22 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ ششی دھر اپنے چار دوستوں کے ساتھ ساحل پر سیر و تفریح کے لئے آیا تھا اور پھر سب لوگ سمندر میں تیرنے کے لئے اترے ۔ تھوڑی ہی دیر میں سمندری لہروں نے ششی دھر کو گھسیٹنا شروع کیا اور وہ اپنے آپ پر قابو رکھنے میں ناکام ہوگیا ۔ اس کا ایک اور ساتھی اس کی مدد کے لئے پہنچا مگر اس نے بھی ششی دھر کو سنبھالنے میں ناکام ہوکر مدد کے لئے شور مچانا شروع کیا ۔ تب کچھ مقامی لوگوں نے رسی کی مدد سے ان دونوں کو ساحل تک کھینچ لانے میں کامیاب ہوگئے مگر تب تک ششی دھر نے دم توڑ دیا تھا ۔
بتایا جاتا ہے کہ ششی دھر نے گزشتہ سال ہی اپنا گریجویشن مکمل کیا تھا اور کسی کمپنی میں ملازم کی حیثیت سے فی الحال گھر سے ہی کام کر رہا تھا ۔
بیندور پولیس اسٹیشن میں غیر فطری موت کا معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔